اسلام آباد (این این آئی)چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل خان نے کابینہ ڈویژن کو بائی پاس کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیاجس میں کہاگیاہے کہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے سے مجھے بدنام اورشہرت کو نقصان پہنچایا گیا ہے،وزارت داخلہ کی جانب سے کئے گئے اس اقدام سے ریگولیٹر اوگرا کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
چیئر پرسن اوگر ا نے کہاکہ وزارت داخلہ میرا نام فوری طور پر ای سی ایل سے خارج کرے۔ذرائع کے مطابق نیب اور کابینہ ڈویژن کے حکام چیئرپرسن اوگرا کی جانب سے براہ راست وزارت داخلہ کو خط لکھنے پر انتہائی برہم ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ چیئرپرسن اوگرا نے ٹرمینل کی تعمیر کا لائسنس جاری کرنے کی ذمہ داری سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان پر عائد کردی۔نیب نے قومی خزانے کو 37ارب روپے نقصان پہنچنے کی تحقیقات کے سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل خان کا نام شامل کروایا۔
وزارت داخلہ فوری طور پر میرا نام ای سی ایل سے خارج کرے جس پرمیں سیکرٹری داخلہ کی ممنون ہوں گی