لاہور(این این آئی) معروف اداکار میکال ذوالفقار کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے اداکاروں کو اکشے کمار سے وقت کی نزاکت اور امن کا سبق سیکھنا چاہیے۔
میکال ذوالفقار نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ انسٹا گرام پر اپنا انٹرویو شیئر کیا ہے جس میں شو کے میزبان کی جانب سے اداکار سے ان کی حال میں ریلیز ہونے والی پاک فضائیہ کے شاہینوں پر مبنی سپر ہٹ فلم ’شیردل‘ سے متعلق دلچسپ سوالات کیے گئے۔میزبان نے میکال ذوالفقار سے سوال کیا کہ لوگوں کی جانب سے یہ بھی سننے میں آیا کہ یہ فلم ایک پروپیگنڈہ بھی ہے جوکہ محض پلوامہ حملے کے چند ہفتوں بعد ہی ریلیز کی گئی تاکہ قوم کے حب الوطنی کے جذبات کو استعمال کرتے ہوئے مارکیٹ پر اپنی دھاک بٹھائی جائے۔
میکال ذوالفقار نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدہ صورتحال اور اس دوران پاک فضائیہ کا اپنے وطن کا بھرپور دفاع کرنا یہی سب کچھ عوام بھی سینماو¿ں میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن یہ محض ایک اتفاق ہی تھا کیوں کہ فلم بنانے کا عمل تو ایک سال سے جاری تھا اور اس بات کا کسی کو بھی علم نہیں تھا کہ ریلیز کے وقت ایسی صورتحال دیکھنے کو ملے گی۔
میزبان نے سوال کیا کہ پلوامہ حملے کے بعد بہت سے بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے بھی پاکستان پر عدم ثبوت کے باوجود الزام تراشی دیکھنے میں آئی تھی جس پر میکال ذوالفقار نے کہا کہ ایسے مواقع پر اداکاروں کو ہمیشہ غیر جانب دار ہونا چاہیے اور امن کی بات کرنی چاہیے، میں اکشے کمار کی تعریف کرنا چاہوں گا جوکہ کشیدہ صورت حال میں ثابت قدم رہے بلکہ میں یہ بھی کہوں گا کہ بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں کو اکشے کمار سے وقت کی نزاکت کو سمجھنے اور امن کا سبق سیکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم ’شیر دل‘ میں اداکار میکال ذوالفقار، ارمینا خان اور حسن نیازی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ’ شیر دل‘ اب تک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن چکی ہے۔