ٹی ٹوئنٹی

حفیظ پانچ مئی کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں حصہ نہیں لینگے

انگلینڈ(این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر محمد حفیظ پانچ مئی کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں حصہ نہیں لینگے ،ورلڈ اسکواڈ میں شامل آل راونڈر کی ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

تفصیلات کے مطابق آل راونڈر محمد حفیظ 23 اپریل کو قومی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوئے جہاں انہوں نے باقاعدہ ٹریننگ بھی شروع کر دی تاہم انہوں نے انگلینڈ میں کینٹ، ناٹنگھم شائر اور لیسٹر شائر کے خلاف ورام اپ میچز میں شامل نہ ہوئے۔محمد حفیظ 5 مئی کو کارڈف میں نہ صرف انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی 20 مقابلے میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ وہ 8 مئی کو لارڈز اور 11 مئی کو ساوتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں بھی ٹیم پاکستان کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کی صورت حال کے تناظر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ محمد حفیظ 14 مئی کو برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں ممکنہ طور پر شرکت کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محمد حفیظ 2015ءورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل تھے، البتہ آسڑیلیا پہنچ کر فٹنس مسائل کے بعد ان کی جگہ اسکواڈ میں ناصر جمشید کو شامل کیا گیا تھا۔

محمد حفیظ 2007ءاور 2011ءورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، ورلڈ کپ کیرئیر میں محمد حفیظ اب تک دس میچز میں 25.55 کی اوسط سے 230 رنز بنانے کے ساتھ دس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی نے 38 سال کے محمد حفیظ کو 2019ءورلڈ کپ اسکواڈ کے 15 کھلاڑیوں میں منتخب کیا ہے البتہ آل راونڈر کی ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ 16 فروری کو دبئی میں پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد 24 فروری کو انگلینڈ میں سرجن مائیک ہیٹن نے ان کے دائیں ہاتھ کی سرجری کی۔