لاہور ( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سلمان رفیق نے ملک کی بگڑتی صورتحال سے نکلنے کے لئے نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان مزید چند ماہ اقتدار میں رہے تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا،حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بنا دیا ہے، اب لگتا ہے کہ اسد عمر اور طارق باجوہ آئی ایم ایف کی شرائط کی راہ میں رکاوٹ تھے۔
پروڈکشن آرڈرز پر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی شخصیت ملک کے لئے سکیورٹی رسک بن چکی ہے، حکومت ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ،مہنگائی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اگر عمران خان مزید چند ماہ اقتدار میں رہے تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔نئے الیکشن کروانا ناگزیر ہوچکے ہیں یہ ملک کے مفاد میں ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بنا دیا ہے، ایک ایسے شخص کو مصر کا ہیرو بنایا جارہا ہے جس نے مصر کی معیشت گھنٹوں میں تباہی کی، اب لگتا ہے کہ اسد عمر اور طارق باجوہ آئی ایم ایف کی شرائط کی راہ میں رکاوٹ تھے۔عمران خان نے آئی ایم ایف کے سامنے اپنے لوگوں کا بھی خیال نہیں رکھا۔