راولپنڈی (این این آئی) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)پنجاب کی ڈسٹرکٹ منیجر راولپنڈی /اٹک فرحت جہاں راجہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں عام تعلیم کی بڑی بڑی ڈگریاں رکھنے والی بچیوں کو نوکریاں نہیں مل رہیںجبکہ فنی تعلیم سے لیس کم پڑھی لکھی لڑکیوں کو باآسانی نوکری بھی مل سکتی ہے اوروہ اپنا روزگار خودبھی شروع کر سکتی ہیں جس کی بے شمار مثالیں ہمارے ارد گرد پھیلی ہوئی ہیں-
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین کرتار پورہ راولپنڈی سے مختلف فنی کورسز مکمل کرنے والی بچیوں کے ہاتھوں سے بنائے گئے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین کرتار پورہ راولپنڈی سٹی کی پرنسپل صائمہ گل ، میڈم فلک ، راولپنڈی چیمبر کی اراکین بزنس خواتین کے علاوہ ہنر سیکھنے والی بچیوں کے والدین بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے نمائش میں رکھی گئی تمام اشیاءکو خواتین نے دلچسپی کے ساتھ دیکھا اور ان کو بنانے والی طالبات کے ہنر کی خوب داد دی فن پاروں میں ایسے ڈیکوریشن پیسز بھی شامل تھے جو روز مرہ استعمال کی بے کار ہو جانے والی چیزوں سے بنائے گئے تھے طالبات کے ہاتھوں سے سلے ہوئے کپڑوں ، بیڈ شیٹس اور رومالوں و چادروں پر انتہائی دلکش کشیدہ کاری کی گئی تھی اسی طرح گھروں میں استعمال ہونے والے آئینوں کو بھی انتہائی دلکش و دلفریب ڈیزائن دے کر طالبات نے ان کی قدر و قیمت میں بہت اضافہ کر دیا دیواروں پر لٹکنے والے مصوری کے فن پارے طالبات کی اپنے فن میں بے پناہ پختگی کا پتہ دے رہے تھے انسٹی ٹیوٹ کی پرنسپل صائمہ گل نے نمائش میں رکھی گئی اشیاءکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام فن پارے ہماری طالبات نے اپنے ہاتھوں سے بنائے ہیں اور انہیں ان کی تربیت اسی انسٹی ٹیوٹ میں دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے جاری فنی تربیتی کورسز میں 2 سالہ ووکیشنل ڈپلومہ، بیوٹیشن، فیشن ڈیزائننگ ، ایڈوانس ڈریس میکنگ اینڈ ڈیزائننگ اور کمپیوٹر آپریٹنگ کے ایک سالہ جبکہ ٹیلرنگ ، بیوٹیشن ، پروفیشنل کوکنگ اور کمپیوٹر کے تین اور چھ ماہ کے شارٹ کورس شامل ہیں فرحت جہاں راجہ نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم نئے کورسز متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے جاری کورسز کو ملکی صنعتی ضرورتوں سے ہم آہنگ بنائیں تاکہ صنعتوں کو درکار مطلوبہ ہنر مند افرادی قوت بھی ملے اور عوام کو اچھا روزگار ملنے سے ملک سے بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہو انہوں نے بتایا کہ فیبرک پرنٹنگ ، آرٹ اینڈ کرافٹ اور کمپیوٹر کورسز ، جو ٹیوٹا کے اداروں میں کروائے جاتے ہیں ، انتہائی مفید ہیں مختلف کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والی چیمبر کی بزنس خواتین اور میڈم فلک نے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب اپنی مثال آپ ہیں جن کے پیچھے ادارے کی پرنسپل صائمہ گل اور ان کی فنی تدریسی ٹیم ہے جو سب مبارکباد کے مستحق ہیں –