راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کے تینوں بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ نفاز کے خلاف ینگ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز کی پانچویں روز بھی ہڑتال جاری رہی،
او پی ڈی سروسز بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کر نا پڑا، ڈاکٹروں نے مریضوں کو علاج معالجے کے بجاے ایم ٹی آئی ایکٹ کے نقصانات سے آگاہ کرنا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی کال پر راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں او پی ڈی میں پانچویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی،
ہڑتال پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ نفاذ کے خلاف کی گئی، ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ سرکاری ہسپتالوں کے پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسزز بھی ہڑتال میں شریک ہوئے،
سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کر نا پڑا، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کررہے تھے اور احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
ہڑتالی ڈاکٹروں نے مریضوں کو احتجاج میں ساتھ ملانے کےلئے گائنی سمیت تمام شعبوں میں موجود مریضوں کو ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف لیکچر دینے شروع کردئیے ، سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی، آئی ٹی سی اور آپریشن تھیٹر معمول کے تحت چل رہے ہیں۔