لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو ڈیل یا ڈھیل کی ضرورت نہیں، موجودہ حکومت خود ایک ڈیل کی پیداوار ہے،
پاکستان کی سیاست آج بھی مریم نواز اور نواز شریف کے ارگرد ہی گھومتی ہے،عوام نواز شریف کے آنے کی دعائیں کررہے ہیں۔انہوں نے وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو ڈیل یا ڈھیل کی ضرورت نہیں، ہم این آر او دینے والے اور این آر او لینے والے پر لعنت بھیجتے ہیں، موجودہ حکومت خود ایک ڈیل کی پیداوار ہے۔ صمصام بخاری اپنی ناکام حکومت کا ملبہ (ن) لیگ پر نہ ڈالیں، پانچ سال دہشتگردی کے حملوں پر تحریک انصاف نے سیاسی دکانداری چلائی،
عمران خان نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور اشہاری بھی رہے،رانا ثنااللہ سیاسی ورکر ہیں پنجاب میں ان کی گراں قدر خدمات ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور کے مصروف علاقے میں دہشتگرد با آسانی پہنچ گئے اور حکومت سوتی رہی، سیف سٹی شہباز شریف حکومت کا بڑا اور مثبت اقدام تھا، موجودہ حکومت سیف سٹی کا کریڈٹ بھی لینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خالی کرسیوں سے خطاب کرنے والے ہماری ریلی کے بندے گننے میں مصروف تھے،
لاہور کے عوام نے ثابت کردیا نواز شریف ہمارا لیڈر ہے، نو ماہ بعد ہی مہنگائی سے تنگ عوام دوبارہ نواز شریف کے آنے کی دعائیں کررہے ہیں۔ پاکستان کی سیاست آج بھی مریم نواز اور نواز شریف کے ارگرد ہی گھومتی ہے۔