لاہور ( این این آئی)چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے آئی ایم ایف سے قرضوں کے معاہد ہ میں ان کی شرائط پر 6سے7سو ارب روپے کے نئے ٹیکس، بجلی ، گیس مہنگی کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی و گیس مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا ،اشیاءکی قیمت مہنگی ہونے سے بیرون ملک پاکستانی اشیاءکی مانگ میں کمی سے ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ میں اضافہ ہوگا جس سے حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوگی اور معاشی بحران میں مزید اضافہ ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ روپے پر حکومتی کنٹرول ختم ہونے سے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت مقرر ہونے سے ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا ۔
صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال کی قیمت بڑھنے سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا اور صنعتی شعبہ میں تیار ہونے والی ہے اشیاءمزید مہنگی ہونے سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے گی جس میں مسلسل اضافہ ہوتا چلاجائے گا جس سے عوام متاثر ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ کے عوض اربوں روپے کے نئے ٹیکس سے خوشحالی نہیں بلکہ بدحالی آئے گی۔