لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں، پرائس کنٹرول میکانزم کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں ، عوام کو کسی بھی صورت مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا، عوام کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دینے کی بجائے نمائشی پراجیکٹس بنائے گئے، سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ ا، سابق حکمرانوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں منصوبے شروع کرکے انہیں بروقت مکمل نہیں کیا، ماضی میں فلاح عامہ کے بے شمار منصوبوں کو سردخانے میں ڈال کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو نظرانداز کر نے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے فلاح عامہ کے منصوبوں کی تعمیر نو کا آغاز کر دیا ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے عوام کو علاج معالجے کے ساتھ تعلیم کی معیاری سہولتیں ملیں گی، پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیاں دور کریں گے۔