کارپٹ کی

کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کیلئے غیر ملکی خریداروں نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے ‘ ترجمان

لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ رواں سال لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش انڈسٹری کیلئے تقویت کا باعث بنے گی ،

غیر ملکی خریداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کےلئے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور برآمدات کے فروغ کیلئے سر گرمیوں کی ہمیشہ سرپرستی کی گئی ہے اور امید ہے کہ امسال بھی ہمیں ہر طرح کی تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی جائے گی جس سے نمائش کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی ۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت کارپٹ انڈسٹری شدید مشکلات کا شکار ہے اس لئے حکومتی سرپرستی نا گزیر ہے اور مذکورہ نمائش انڈسٹری کو تقویت دینے کا باعث بنے گی ۔

ترجمان نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران انفرادی اور اجتماعی طو رپر نمائش کی کامیابی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔اب تک کے رابطوں میں غیر ملکی خریداروں نے مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے جو خوش آئند ہے ۔ نمائش میں ملک بھر سے عام شہری بھی شرکت کرےں گے اور اس کےلئے رابطے کر کے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔