تھیم پارک

وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ،لاہور میں تھیم پارک کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ

لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ تھیم پارک کے قیام کے امور اور مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری انڈسٹری،ممبر این ایچ اے،ایم ڈی ٹورازم اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومت میں اسٹیٹ آف دی آرٹ تھیم پارک کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔

تھیم پار ک کے قیام سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں معاشی،تجارتی اور کاروباری مواقع بڑھانے کےلئے موثر اقدامات اٹھارہی ہے اور ملک کو درپیش تمام مسائل اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہی حل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھیم پارک کے قیام سے معاشی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے اورسیاحت کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سیاحتی مواقع بڑھانے کے لئے تھیم پارک انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اورمفاد عامہ کے اس منصوبے کو تیزرفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔تھیم پارک میں فائیو سٹار ہوٹل،شاپنگ مال اور بزنس سنٹر بنیں گے جن سے کاروبارکے مواقع بڑھیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تھیم پارک کے قیام کے حوالے سے تمام تجاویز کا جائزہ لے کر حتمی منصوبہ پیش کیا جائے۔