لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ، وزیر اعظم عمران خان سنجیدہ چہرے کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں ، ہمارے دور میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر کہا گیا کہ یہ ٹیکس چوروں کےلئے لائی جارہی ہے اور آج خود اس کااجراءکردیا گیا ۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کےلئے پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عمران خان نے ہماری حکومت کی محنت کو ضائع کر دیا ،اس سے پہلے بھی ملک پر مشکلات آتی رہی ہیں لیکن اس سے ابتر صورتحال پہلے کبھی نہیں رہی۔گورنر اسٹیٹ بینک کو کیوںفارغ کیا گیا اس کے حقائق اب سامنے آرہے ہیںکہ انہوں نے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا تھا۔ حکومت اپنی ناکامیاں سابقہ حکومت پر ڈال رہے ہیں،نئی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کی ٹیم ہے۔
انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف سے پروگرام کے لئے حکومت عوام پر بھاری ٹیکسز لگائے گی او رمہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں رہااور ویسے بھی عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں ، اس لئے ملک کے مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں ۔
انہوںنے کہا کہ عمران خان کا مقصد صرف سیاسی انتقام لینا ہے ،ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے ان کے اپنے لوگ استفادہ کریں گے ،عمران خان کی ہمشیرہ کے کیسز ہیں ، مالم جبہ او رہیلی کا پٹر کا کیس ہے لیکن اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوتی اس لئے احتساب کرنے والے اداروں کو بھی دیکھنا چاہیے۔