اضافے کے بعد

گیس، بجلی، پٹرول اور دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام کیسے زندہ رہیں گے ،کاروبار کیسے ہوگا؟ ‘شہباز شریف

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں مزید 45فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس، بجلی، پٹرول اور دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام کیسے زندہ رہیں گے اور کاروبار کیسے ہوگا؟ ،

اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے،نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کرنے کے بجائے گھر چلا جائے،نااہل ٹیم جس قدر جلد حکومتی امور سے الگ ہو جائے اتنا ہی ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا،قوم اس وقت سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہوجائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب کی نالائقی اور نااہلی نے پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا،وقت ثابت کر رہا ہے کہ نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں ،ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے،ملک کی سنگین ہوتی معاشی صورتحال خطرے کی گھنٹیاں بجا رہی ہے، محب وطن قوتوں کو سوچنا ہوگا،خدانخواستہ معیشت اس سے مزید نیچے گئی تو پھر اس کی واپسی معجزہ ہی ہوگی، ملک اور قوم مزید یہ دباﺅ برداشت کرنے کے متحمل نہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30ہزار کی جائے ،تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم دس ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔