اوکاڑہ (صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کا غیر فطری سیاسی اتحاد ہونے جا رہا ہے ، ذاتی مفادات کیلئے سیاسی دسترخوان سجانے والوں کو عوام کا مفاد عزیز نہیں۔
اوکاڑہ کے نواحی علاقے رینالہ خورد میں سستے رمضان بازار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ درست ثابت ہوا کہ یہ دونوں اندر سے ایک ہیں ، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے کرتوتوں کا پھل کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ لوگ عید کے بعد سڑکوں پر آنے کا شوق پورا کرلیں انہیں پذیرائی نہیں ملے گی، اپنی کرپشن بچانے کیلئے لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔صمصام بخاری نے کہا کہ عمران خان کیخلاف اکٹھے ہونے والے اپنی لوٹ مار بچانا چاہتے ہیں نواز لیگ کا بیانیہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، مریم بی بی پہلے اپنے چچا محترم سے ماضی کے بیانات کے بارے میں ضرور پوچھ لیں۔