لاہور (آن لائن)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد چور اور چوکیدار کو بچانے کے لئے ہے۔
بلاول اور مریم کی ملاقاتیں آباؤاجداد کی کرپشن پر پردہ ڈالنے اور احتساب سے بچانے کی کوشش ہے سابقہ اداوار میں کرپشن و بدعنوانی کے باعث میرٹ اور قانون و آئین کی حکمرانی کو بلڈوز کیا گیا جس کی وجہ سے عوام بے وسیلہ ہو کر نا انصافیوں کے بوجھ تلے دب گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خاندانی سیاست کو فروغ دیا جس کے باعث موروثی سیاست نے ملک میں اپنی جڑیں مضبوط کیں۔ ان دونوں جماعتوں کی ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور اخلاقی اقدار کو روندنے کی اصل وجہ بھی صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہی رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور میرٹ پر مبنی معاشرے کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ اس وقت ملکی حالات کرپشن و بدعنوانی کے خلاف بہت بڑے آپریشن کے متقاضی ہیں تحریک انصاف کی حکومت احتساب کے عمل سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گی۔