اسلام آباد (این این آئی) جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی ہر پارٹی کا میدان سیاست میں جدوجہد کا اپنا طریقہ ہے ،حکومت نااہلوں ،ناکارہ اور پھٹیچروں کا بکھرا گروہ ہے جس سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی،ماضی کی تمام غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں واضح لائحہ عمل اور روڈ میپ دیں،جماعت اسلامی عید کے بعد مہنگائی بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی مارچ کا آغاز کردےگی۔
پیر کو بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شرکت پر موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں نائب امراءلیاقت بلوچ اور میاں محمد اسلم پر مشتمل وفد نے نمائندگی کی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی ہر پارٹی کا میدان سیاست میں جدوجہد کا اپنا طریقہ کار ہے۔انہوںنے کہاکہ 1970کے بعد سے ہم نے سب تحریکوں اور تمام حکومتوں کے مقابلہ میں جدوجہد کی ہے۔انہوںنے کہاکہ آج ملک و ملت کو جن حالات کا سامنا ہے اس کی ذمہ دارماضی میں اقتدار میں رہنے والی جماعتیں ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان کی جمہوری قوتوں کوآئین ،پارلیمانی نظام اور صوبوں کو منصفانہ حقوق دینے پر اتفاق کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان حکومت نے توقع سے زیادہ کم وقت میں اپنے آپ کو ایکسپوز کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک کو عالمی مالیاتی اداروں اور امریکہ کے سامنے معاشی اعتبار سے سرنڈرکردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ سرنڈر فوجی آمر پرویز مشرف سے بھی بدتر ہے۔
انہوںنے کہاکہ حکومت نااہلوں ،ناکارہ اور پھٹیچروں کا بکھرا گروہ ہے جس سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔انہوںنے کہاکہ ماضی کی تمام غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں واضح لائحہ عمل اور روڈ میپ دیں۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی عید کے بعد مہنگائی بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی مارچ کا آغاز کردے گی۔