لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل نے کہا ہے کہ (ن )لیگ کا بیانیہ ووٹ کو نہیں نوٹ کو عزت دو ہے ، پاکستان میں 70 سال سے قائم سٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہو گا، اس سٹیٹس کو کے آگے وزیراعظم عمران خان دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہمارے نوجوانوں سمیت پورا پاکستان وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والوں کا اصل مقصد ووٹ کو عزت دینا نہیں ہے بلکہ کرپشن کو عزت دینا ہے، یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم نے اپنی کرپشن کو کس طرح تحفظ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم پاکستان کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دوسری طرف کچھ نااہل سیاستدان پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں، ووٹ کو عزت دینا نہیں ہے بلکہ کرپشن کو عزت دینا ہے، یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم نے اپنی کرپشن کو کس طرح تحفظ دینا ہے لیکن پاکستان کے عوام اب ان کے چہروں اور انکی پالیسیوں جنہوں نے ملک کو تباہ کیا اچھی طرح جان چکے ہیں، حالات و واقعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیانیے بدلتے رہتے ہیں، آجکل ان کا بیانیہ صرف ایک ہے کہ ہمیں جانے دو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) دراصل دو بیانیوں میں پھنس گئی ہے جس پر دونوں بھائیوں کے مابین بھی اتفاق نہیں، شہباز شریف اپنے بیانیے سمیت لندن میں ہیں جبکہ بڑے میاں صاحب اپنے بیانیے سمیت جیل میں، ووٹ کی حرمت کی آڑ میں نوٹ کو تحفظ اور عزت دینے کی بات ہو رہی ہے، ان کا اصل مسئلہ ووٹ نہیں نوٹ ہے۔