لاہور(این این آئی) کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے تشویشناک حالت کے مریضوں کی خصوصی نگہداشت اور بہتر علاج معالجے کے حوالے سے آئی سی یو اینڈ کریٹیکل کئیر کے شعبہ میں فیلو شپ تربیتی پروگرام کےلئے لاہور جنرل ہسپتال ،امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی کو منظوری دے دی۔
اس طرح سے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو کریٹیکل کئیر اور ایف سی پی ایس کی تربیت کےلئے ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والوں میں لاہور جنرل ہسپتال پہلا ادارہ بن گیا ہے جسے بہترین کارکردگی ،اعلیٰ سہولیات کی دستیابی اور فیکلٹی کی کامیاب کوششوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔آئی سی یو کریٹیکل کئیر میں فیلو شپ حاصل کرنے پر پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر محمد طیب نے فیکلٹی ممبران اور ہسپتال انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت،پیشہ وارانہ مہارت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں لاہور جنرل ہسپتال کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔یقینا شعبہ اینستھیزیا پروفیسر جودت سلیم کی نگرانی میں مزید ترقی کرے گا۔
پروفیسر محمد طیب نے امید ظاہر کی کہ اس ٹریننگ پروگرام کے شروع ہونے سے آئی سی یو کریٹیکل کئےر کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافہ ہو گا بلکہ ہسپتال میں آنے والے سیریس مریضوں دیکھ بھال کےلئے مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔واضح رہے کہ سی پی ایس پی کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے گزشتہ ماہ اس سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے ہسپتال میں موجود سہولتوں کو تسلی بخش قرار دینے کے بعد اس ایکریڈیٹیشن کی منظوری دی ،شیڈول کے مطابق ہر5سال بعد کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی طرف سے جنرل ہسپتال کی سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ آئی سی یو کریٹیکل کئیر میں تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹرز کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق مشاہرے کی ادائیگی ہو گی البتہ انہیں اعزازی طور پر فیلو شپ کی اجازت نہیں ہو گی ۔
ڈاکٹرز کی طرف سے بھی اس ایکریڈیٹیشن کو اہم کامیابی اور ادارے کےلئے بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے جو سب کےلئے قابل فخرہے۔پی جی ایم آئی ، اے ایم سی و ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز نے اس کامیابی کا سہرا شعبہ اینستھیزیا کے انچارج پروفیسر جودت سلیم کے سر قرار دیا ہے اور اُن سمیت پرنسپل پروفیسر محمد طیب اورمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلا ح الدین کو مبارکباد دی اوراس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ادارے کی ترقی اور مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کریں گے۔