لاہور(آئی این پی) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن متحد ہے اور نہ ہی متحد ہوگی ،سب اپوزیشن ملکر بھی احتجاج کر لیں ہمیں کوئی پر یشانی نہیں ،کوئی اپوزیشن پارٹی تسلیم کرے نہ کرے عمران خان 5 سال پاکستان کے وزیر اعظم رہیں گے،
کرتار پور راہداری منصوبے کا70فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور گوردوارہ کر تار پو کمپلیکس کیلئے1493ایکڑ اراضی بھی حاصل کرلی گئی ہے ،بھارت کو چاہیے وہ بھی ہٹ دھر می چھوڑ کر آگے بڑ ھے اور کرتار پورراہدری منصوبے کے اپنے حصہ کو مکمل کر ے، باباگورونانک صاحب کے550جنم دن کی تقریبا ت میں شر کت کیلئے ٹورنٹو سے 15ستمبر کو ”جرنی ٹو کر تار پور“کے نام سے بس قافلہ روانہ ہوگا جو9ممالک سے ہوتا ہوا 40 دنوں بعد کر تار پور پہنچے گا۔ وہ منگل کے روز گورنر ہاﺅس لاہور میں ٹورنٹو سے قافلے کی قیادت کر نیوالے عامر خان ،سعید میو ،کر تار پور سے گیانی گوبند سنگھ ،بیشن سنگھ اورنامور شاعر امجد اسلام امجد کے ہمراہ پر یس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ہم سب سے زیادہ توجہ سکھوں کے مذہبی مقامات پردے رہے ہیں نومبر میں بابا گور ونانک کے 550 جنم دن کے موقع پر ننکانہ صاحب میں سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کو تیزی کیساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ بر یگیڈر(ر)ا عجاز شاہ کے ساتھ میری ملاقات ہو چکی ہے اور بہت جلد وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کروں گا اور پاکستان آنیوالے سکھ یاتریوں کو ویزہ اور ڈبل انٹری ویزہ سمیت جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا ئیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں ہم سیاحت کو فروغ دینے میں کام ہوجائیں تواس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان سالانہ4سے5ارب ڈالر کما سکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ آج ترکی سیاحت کے ذریعے سالانہ40ارب ڈالرز سے زائد کما رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بھی بہت جلد سیاحت کے حوالے سے اپنا مقام حاصل کر یگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کر تار پور راہدری منصوبے پرتیزی کیساتھ کام جاری ہے اور وہاں پر بھارت سمیت دیگر ممالک سے آنیوالے سکھ یاتریوں کو سیکورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جا ئیں گے اور بھارت سے بھی توقع کرتے ہیں وہ کر تار پور راہدری منصوبے کے حوالے سے اپنی طرف بھی کام کو مکمل کرے تا کہ جلد ازجلد کر تا پور کو سکھ یاتریوں کیلئے کھولا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان سمیت دنیا بھر کی اقلیتوں کے ساتھ محبت کے اظہار کیلئے ستمبر سے ٹورنٹو سے ”جرنی ٹو کر تار پور ”کے نام سے بس قافلہ روانہ ہوگا ٹورنٹو سے یہ قافلہ جس خصوصی بس میں سوار ہوگا وہ یورپ سمیت دیگر ممالک سے ہوکر باباگرونانک کے جنم دن کے موقعہ پر کر تارپور پہنچے گا اور اس قافلے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور یہاں پر آنیوالوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہا ں بھی یہ قافلہ جائیگا وہاں پاکستانی کیمونٹی سمیت سکھ بردارای کے لوگ اس کا استقبال کر یں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن کسی بھی صورت متحدہ اپوزیشن نہیں اس لیے اپوزیشن جماعتوں نے عید کے بعد اپناالگ الگ احتجاج کر نے کا فیصلہ کیا ہے ،عوام نے عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کو5سالوں کیلئے ووٹ دیا ہے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی اور جب ہم اپنا منشور مکمل کر نے میں کامیاب ہوجائیں گے تو انشاءاللہ آنیوالی حکومت بھی تحر یک انصاف کی ہوگی۔پر یس کانفرنس کے دوران عامر خان اور سعید میو نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کر تار پور راہدری منصوبہ اورباباگرونانک کے550جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات مثالی ہیں جس پر وزیر اعظم عمران خان اور گور نر چوہدری محمدسرور کو ہم بھر پور خراج تحسین پیش کرتے رہے ہیں، ٹورننوسے ہمارے قافلے میں عالمی میڈیا کے لوگ بھی شامل ہوں گے اور ہم قافلے کے ذریعے دنیا کو امن کا پیغام دیں گے اور بتائیں گے پاکستان میں اقلیتوں کو بھر پور تحفظ حاصل ہے۔