پاک چین تعلقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ملاقات ، پاک چین تعلقات پر تبادلہ خیا ل

بشکک (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے ، علاقائی امن و استحکام اور قومی سلامتی کے معاملات پر چین کا کر دار ہمیشہ قابل تحسین رہا ہے ۔

بدھ کو شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب مسٹر وانگ ژی سے خصوصی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں قومی سلامتی کے معاملات درپیش ہوں یا علاقائی امن و استحکام کی بات ہو چین کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔چینی وزیر خارجہ نے کہاکہ اس فورم کی کامیابی عالمی برادری کا چین کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو چائینہ کے سترھویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔