اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ عید الفطر کے بعد ہماری میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی ،مشترکہ موقف کے بعد حکمت عملی طے کی جائیگی ،کارکنان پر عزم رہیں جلداسلام آباد میں قومی سطح کا مارچ ہوگا،دوسری جماعتیں اگر شرکت کرنا چاہیں تو خیرمقدم کریں گے۔
بدھ کو امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ عید الفطر کے بعد ہماری میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی ۔
انہوںنے کہاکہ مشترکہ موقف کے تحت آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ انتخابات کے بعدتمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے2018 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیا تھامگر اتفاق رائے کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس منعقد نہ ہوسکی۔انہوںنے کہاکہ ہم نے پاکستان کی نظریاتی شناخت، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ،مہنگائی کے طوفان کے خلاف جسطرح ملک گیر سطح پر ملین مارچ کئے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہیگا۔
انہوںنے کہاکہ کارکنان پر عزم رہیں جلداسلام آباد میں قومی سطح کا مارچ ہوگادیگر جماعتیں اگر شرکت کرنا چاہیں تو خیرمقدم کریں گے۔