لاہور (این این آئی ) گلوکار علی ظفر کی والدہ کو ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی وائس چانسلر لگانے کی منظوری دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق خواتین یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے حوالے سے دو خواتین یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز تعینات کر دی گئی تھیں جبکہ دو کی سمریوں کو وقتی طور پر روک لیا گیا تھا۔
ایک روکی گئی سمری میں سے گورنمنٹ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی وائس چانسلر کے لئے معروف گلوکار علی ظفر کی والدہ اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کی سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کے نام کی گورنر پنجاب نے منظوری دے دی ہے اور دو روز تک محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب گورنمنٹ ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی تقرری بوگس ہونے کے باعث دوسرے نمبر پر آنے والی ڈاکٹر طلعت افزا کو وائس چانسلر لگائے جانے کا قوی امکان ہے جس کا نوٹیفکیشن صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کے بیرون ملک سے آنے کے بعد کیا جائے گا۔