اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق و امتیاز کاروائی جاری رکھی جائے،چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی ندیم بابر نے ملاقات کی جس میں وزیرِتوانائی نے وزیرِ اعظم کو توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات اور خصوصا بجلی اورگیس چوری کی روک تھام کے سلسلے میں چلائی جانے والے ملک گیر مہم میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔وزیرِاعظم نے بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کی کامیاب مہم پر وزیرِ توانائی اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق و امتیاز کاروائی جاری رکھی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو اپنے دورہ ترکمانستان کے حوالے سے آگاہ کیا