’وہ میری زندگی کی روشنی ہیں‘v

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے لیے ایک بیان جاری کردیا، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

اس بیان میں رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ کی دل کھول کر تعریف کی، جبکہ دپیکا کو اپنی زندگی کی روشنی بھی قرار دیا۔

رنویر سنگھ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’دپیکا پڈوکون ایک بہترین شخصیت کی مالک ہیں، میں یہ صرف اس لیے نہیں کہہ رہا کیوں کہ وہ میری اہلیہ ہیں، مجھے ان کے بارے میں بات کرنے کے لیے الفاظ مشکل سے ملتے ہیں، لیکن میں پھر بھی کوشش کروں گا‘۔

اداکار نے مزید لکھا کہ ’میں باآسانی یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ میں اس دنیا میں دپیکا کے سب سے قریب ہوں، میں انہیں گہرائی سے جانتا ہوں، جبکہ پروفیشنلی بھی میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے‘۔

رنویر کے مطابق ’دپیکا میں ایک کائنات بستی ہے، پیار کی، شفقت کی، رحم کی، عقلمندی کی، خوبصورتی کی اور ہمدردی کی، یہ وہ تمام خوبییاں ہیں جو دپیکا کو ایک بہترین فنکار بناتی ہیں، وہ دنیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں‘۔

رنویر سنگھ نے مزید لکھا کہ ’دپیکا میں طاقت ہے، ان کے عزم اور نظم و ضبط کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، ایک ایسی خاتون جو اتنی صحیح ہو، اس کی عزت کرنا لازمی ہے، میں کبھی سب کو چھوڑ کر صرف دپیکا سے متاثر ہوتا ہوں، جانتا ہوں کہ وہ خاص ہے، وہ لوگوں کی زندگی میں روشنی ڈالنے کے لیے ہی آئی ہے‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’وہ بچوں جیسی بھی ہے، لیکن اس کا یہ حصہ صرف میرے لیے ہے، میں اس دنیا کا سب سے خوش نصیب شوہر ہوں، وہ مجھے بہترین انسان بننے کے لیے متاثر کرتی ہے، دپیکا میری زندگی کی روشنی ہے‘۔

یاد رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی گزشتہ سال نومبر میں اٹلی میں ہوئی۔

یہ دونوں گزشتہ کئی سالوں سے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، جبکہ ان کے افیئر کا آغاز 2013 میں فلم ’رام لیلا‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میڈیا میں متعدد رپورٹس سامنے آنے کے باوجود دپیکا اور رنویر نے کبھی اپنے رشتے کے حوالے سے بات نہیں کی۔

تاہم گزشتہ سال ان دونوں نے سامنے آکر اپنی شادی کا اعلان کیا۔

دپیکا پڈوکون نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے ساتھ کیا، جس کے بعد وہ ’کاکٹیل‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’پیکو‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی کامیاب فلموں کا حصہ بن چکی ہیں۔

دپیکا پڈوکون کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اور سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب رنویر سنگھ نے بولی وڈ میں 2010 میں فلم ’بینڈ باجا بارات‘ کے ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھا۔

جس کے بعد رنویر سنگھ ’سمبا‘، ’پدماوت‘، ’باجی راؤ مستانی‘، ’رام لیلا‘، ’دل دھڑکنے دو‘ اور ’لوٹیرا‘ جیسے کامیاب فلموں کا حصہ بنے۔

دپیکا اس وقت اپنی فلم ’چھاپک‘ کی شوٹنگ کررہی ہیں، جبکہ رنویر سنگھ ’83‘ پر کام کررہے ہیں۔