اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتکاروباری طبقے کے ساتھ مضبوط شراکت داری استوار کرنا چاہتی ہے ، خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیرو ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ان زونز کی تعمیرسے کاروباری طبقے کواپنے بزنس کے فروغ کیلئے سازگار ماحول اور تمام ضروری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اتوار کو اسلام آباد میں بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں کیا۔
وفد میں ممتاز کاروباری شخصیات اور معیشت کے مختلف شعبوں ادویات، ٹیکسٹائل، آٹو موبیلز، فٹ ویئر وغیرہ سے تعلق رکھنے والے نمائندے کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ بیان کے مطابق ملاقات کا مقصد وزیراعظم کی کاروباری طبقے سے باقاعدہ ملاقاتوں اور ملکی اقتصادی صورتحال و معاشی پالیسیوں پر کاروباری طبقے کی تجاویز حاصل کرنے کی کڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت معاشی عمل میں کاروباری طبقے کے ساتھ مضبوط شراکت داری استوار کرنا چاہتی ہے تاکہ کاروباری طبقے معاشی ترقی میں ہر اول دستے کا کردارادا کریں۔حکومت خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ کاروباری طبقے کوبزنس کے فروغ کیلئے ساز گار ماحول اور تمام ضروری سہولیات میسر آئیں۔ وزیراعظم کو وفد کی جانب سے معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے تجاویز پیش کی گئیں ۔ مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی موجود تھے۔