اسلام آباد،لاہور ،پشاور کراچی(آن لائن ) ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان توحید 20رمضان المبارک بروز اتوار بعد نماز عصر سے اعتکاف کی سعادت کیلئے بیٹھ گئے ہیں ۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اللہ کی خاص رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے لئے ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں ۔
اعتکاف کے لیے لوگ 20 رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا، ہر مسجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے مکملتیاریاں کی گئی ہیں ، مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔ اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ہرسال کی طرح اس سال بھی سینکڑوں افراد اعتکاف بیٹھے ہیں ، کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں ہزاروں لوگ اعتکاف میں شرکت کررہے ہیں ۔لاہور میں بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار سمیت اہم مساجد میں اعتکاف کے حوالے سے تیاری مکمل ہیں، سب سے زیادہ 15 ہزارسے زائد افراد منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں معتکف ہوگئے ہیں ۔اسی طرح جامع مسجد داتا دربار میں 2100 سے زائد افراد اعتکاف میں بیٹھے ہیں ۔ماہرین فلکیات کے مطابق رواں برس ماہ رمضان 29 ایام پر مشتمل ہونے کا امکان ہے، منگل 4 جون کو شوال المکرم کا چاند نظر آجائے گا، اس طرح عیدالفطر بدھ 5 جون کو ہوگی۔