اسلام آباد (آئی این پی ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی نائب صدر کا دورہ پاک چین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل اور ترقی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے عزم کا عکاس ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی نائب صدر وانگ چی شان کے دورے کے دوران مفاہمت کی پانچ یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی نائب صدر، صدر ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وانگ چی شان کے اعزاز میں ایک تقریب بھی ہو گی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر انہیں ایوارڈ دیاجائے گا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی صدر لاہور میں تاریخی مقامات کاد ورہ بھی کریں گے جہاں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور چینی نائب صدر کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل اور ترقی کے حوالے سے دونوں ملکوں کے عزم کا عکاس ہے۔