غداری کا مقدمہ

پشتون تحفظ موومنٹ کے محسن داوڑ ، علی وزیر کےخلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور( این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے محسن داوڑ اور علی وزیر کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ محسن داوڑ اورعلی وزیر کی قیادت میں تخریبی گروہ نے شمالی وزیر ستان کے شہر دتہ خیل میں واقع خر قمر چیک پو سٹ پر حملہ کیا۔حملے کا مقصد مشتبہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو رہا کروانے کیلئے دبا ﺅڈالنا تھا۔محسن داوڑ اور علی وزیر اپنے ساتھیوں کو چیک پوسٹوں پر موجود جوانوں کے خلاف اکسانے کا مجرم ہے۔اس نے ساتھیوں کے ہمراہ میرانشاہ میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور چیک پوسٹوں پر موجود جوانوں کے خلاف نعرے بازی کی۔گروہ کی فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکارشدید زخمی ہوئے ۔محسن داوڑ اور علی وزیر پشتون تحفظ موومنٹ کے پلیٹ فارم سے غداری کا مرتکب ہوئے ہیں۔یہ عناصر پاکستان سے محبت کرنے والے پشتون عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان کی افواج نے بےشمار قربانیوں کے بعد وزیرستان میں امن قائم کیا ہے جو پاکستان مخالف ممالک کو ناقابل قبول ہے۔ جس بنا ءپرپشتون تحفظ موومنت بنائی گئی اور سوچی سمجھی سازش کے تحت اسے پروان چڑھایا گیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ اس کے مذموم عزائم کا قلع قمع کیا جائے۔جو لوگ قومی دھارے میں نہ آئیں ان سے سختی سے نمٹا جائے۔پاکستان سے محبت اور وفا کے لئے پشتون عوام کی صحیح معنوں میں راہنمائی کی جائے ۔محسن داوڑ، علی وزیر اور پشتو ن تحفظ موومنت رہنما ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر کے انہیں قرارواقعی سزا دی جائے۔