عوام مہنگائی کا

پنجاب میں عوام مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں صمصام بخاری پورے ملک کی سیاست کررہیں‘ عظمیٰ بخاری

لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں صمصام بخاری پورے ملک کی سیاست کررہیں،پنجاب کے نالائق وزیر اعلی کی کابینہ بھی نالائق ثابت ہوئی ہے،نوماہ میں جدید پنجاب کو تبدیلی نے قدیم پنجاب بنادیا ہے۔

وزیر اطلاعات صمصام بخاری کے بیان پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ نااہلوں کے ٹولے نے پورے صوبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے،عمران خان نے پنجاب کے ہسپتالوں کا دورہ نتھیاگلی سمجھ کر کیا،پنجاب کے خاموش وزیر اعلی کی ڈیوٹی بھی اب وزیر اعظم کو کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے دورے کرنے سے عوام کی حمایت حاصل نہیں ہو سکتی،نالائق اعظم نے مریضوں سے جان بچانے والی ادویات بھی چھین لی ہیں،ادویات کی قیمتوں میں چار سو گناہ اضافہ عامر کیانی کی کرپشن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کا دورہ خاموش وزیر اعلی کو شیلٹر فراہم کرنے کےلئے کیا گیا ،حکومت کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ابھی تک حکومت اپنی سمت کاتعین نہیں کر سکی۔عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہو کر پنجاب کے ہسپتالوں پر سیاست کرتے تھے ۔دور دراز علاقے میں ماڈرن اور جدید ہسپتال دیکھ کر عمران خان کو حیرانگی اور شرمندگی ہوئی ہو گی۔عینک لگاکر ہاتھ باندھ کر کسی پارک کی طرح ہسپتال کا دورہ کررہے تھے۔عمران خان نے ہاتھ اس لیے باندھے تاکہ کسی مریض کو ہاتھ نہ لگانا پڑے۔