اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیا ۔ بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز کے عہدے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت پرچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ۔ دور ان سماعت تحریک انصاف کے وکیل حسن مان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔
وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ یہ درخواست پاکستان مسلم لیگ ن کی نایب صدر مریم نواز کے خلاف دائر کی گئی ہے۔وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ 3 مئی 2019 کو مریم نواز کو نائب صدر کے عہدے کا تقرر کیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اس کو تقرر کہیں گے یا عہدے پر منتخب ہوئیں۔ وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ اس عہدے کے لئے انٹرا پارٹی انتخابات نہیں کرائے گئے۔
وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ نیب کورٹ نمبر ون نے مریم نواز کو سات سال کی سزا اور 2 ملین پاو¿نڈ جرمانہ کیا گیا۔وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کی سزا معطل کی ہے۔وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے سزایافتہ شخص پبلک آفس نہیں رکھ سکتا۔وکیل تحریک انصاف نے کہاکہ مریم نواز نائب صدر کا عہدہ رکھنے کی اہل نہیں ہیں۔الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت 17 جون کے لئے مقرر کر دی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن کے باہر مریم نواز کیخلاف درخواست گزار پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا پہلے دن سے موقف ہے کہ مریم نواز کا عہدہ رکھنا جمہوری نظام کی نفی ہے،مریم نواز ملکی اداروں اور عدالتوں کے خلاف جو تنقید ہیں وہ قابل قبول نہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم مریم نواز کو پارٹی عہدہ سے فارغ کرائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پر امید ہیں کہ تحریک انصاف سرخرو ہوگی۔