لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 28 مئی قوم کے لئے باعث فخر دن ہے،اس دن نواز شریف نے دنیا کے تمام تر دباﺅ کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
یوم تکبیر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہروں میں یوم تکبیر کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے دنیا کے جس دباﺅ کو ٹھکرا کر نوازشریف نے ایٹمی طاقت بنایا آج چھ ارب کیلئے آئی ایم ایف کا یرغمال بنا دیا گیا۔عوام آئے روز مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔رمضان میں جو عام اشیا پھل سبزیاں عوام باآسانی خرید سکتے تھے آج غریب آدمی کیلئے خواب بن کر رہ گیا ہے۔
گیس بجلی کے بل اور مہنگائی کا طوفان ابھی شروعات ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ غریب کے لئے آج دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہے جو بجٹ کے بعد مزید مشکل ہو جائے گی ۔دعا ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں اللہ ان نالائقوں کو عقل دے اوریہ عوام کا خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں ہو رہی ہیں،اس طرح کا پراپیگنڈا سن کر ہنسی آتی ہے،مریم نواز بھی یوم تکبیر کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کریں گی۔ یہ باتیں نواز شریف شہباز شریف کے متعلق بھی کی جاتی تھی، پراپیگنڈاکرنے والوں کے خواب اللہ کے فضل و کرم سے چکنا چور ہو گے۔