نئے ٹیکس

آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکس نہیں بلکہ ٹیکسوں کی تعداد بھی کم کی جائے گی‘حافظ ممتاز

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر برائے ایکسائز ،ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو پنجاب بجٹ میں اچھی خبریں ملیں گی، نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے جبکہ ٹیکسوں کی تعداد بھی کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدراور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سابق نائب صدر ذیشان خلیل ،ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید اور ڈاکٹر محمد خلیق ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جولائی یا اگست میں ایک نیا ایپ متعارف کرایا جائے گا جس کے ذریعے لوگ گھر وں یا دفاتر میں بیٹھے ایکسائز سے متعلق ٹیکس جمع کرواسکیں گے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام آسان اور عام فہم ہونا چاہیے تاکہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بجٹ میں گاڑیوں پر ٹیکس کے متعلق بھی اچھی خبر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیک ہولڈرز سے مشاورت پر یقین رکھتی ہے ، کاروبار چلیں گے تو حکومت کے محاصل بھی بڑھیں گے۔

لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جہاں ٹیکسوں کی تعداد بہت زیاد ہے، پنجاب کے تاجر ڈیڑھ سو کے لگ بھگ مختلف انواع و اقسام کے ٹیکس ادا کررہے ہیں جن کی تعداد میں کمی لانا ہوگی۔ انہوں نے وزیر کو لاہور چیمبر کی جانب سے کاروباری آسانیوں کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے صوبائی وزیر پر زور دیا کہ وہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عملہ کو اپنا رویہ درست رکھنے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹوکن ٹیکس چیک کرنے کے نام پر گاڑیاں روکنا اور لوگوں کی عزت نفس مجروح کرنا درست نہیں۔