لاہو ر(این این آئی) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیما نی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ سید صمصام بخاری کو فیاض الحسن چوہان بننا مبارک ہو، دیرینہ دوست کو کرسی کی خاطر اتنا نیچاگرتے دیکھ کر افسوس ہواہے ۔
پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ صمصام بخاری بھی آئین کی بات کرنے والوں کو غدار قرار دینے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔صمصام بخاری فیاض چوہان بن تو رہے ہیں، اس کے انجام سے بھی کچھ سبق حاصل کر لیتے۔بلاول بھٹو زرداری وفاق کی زنجیر، آئین اور جمہوریت پسندی کی سب سے بڑی علامت ہیں،کل جب کوئی ٹھیکیدار صمصام بخاری پر غداری کی تہمت لگائے گا تو بلاول بھٹو ہی ان کا دفاع کریں گے۔
انہوںنے کہاکہ صمصام بخاری نے نیازی کی انگلی کے اشارے پر سالوں سے کمائی عزت اور احترام گنوا دیاہے ،صمصام بخاری کو بھی پتا ہے کہ معاملا کرپشن کا نہیں حق حکمرانی کا ہے۔حق حکمرانی عوام کا ہے جسے کٹھ پتلی حکمرانوں کے ذریعے چھینا گیا ہے۔ نیب زدوں اور نیب زادوں کے ساتھ بیٹھ کر صمصام بخاری کرپشن پر لیکچر مت دیں۔کٹھ پتلی ہمیں حب الوطنی سکھا رہے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر شہادتیں دی ہیں۔ملک دشمنی کیا ہے اور حب الوطنی کسے کہتے ہیں یہ ہمیں کسی لوٹے سے نہیں سیکھنا۔