یوم شہادت پر

مرکزی علماءکونسل کی اپیل پر خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ کے یوم شہادت پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا

اسلام آباد (این این آئی)مرکزی علماءکونسل کی اپیل پر خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کے یوم شہادت پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی علماءکونسل سے منسلک علماء،خطباء،آئمہ نے سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کے فضائل و مناقب کو اجاگر کرتے ہوئے آپؓ کو خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین کا کہنا تھا خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کی ذات مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کے فیصلے تاریخ اسلام کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ آپؓکی زندگی اور کارنامے بے مثال ہیں۔ مسلمانوں کو چاہئے معاشرے میں امن،اخوت اور بھائی چارے کی فضاءکو قائم کرنے کیلئے خلفائے راشدین ؓ کی مبارک زندگیوں سے رہنمائی حاصل کریں۔اہل بیتؓ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔جامعہ دار العلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہورمیں مرکزی علماءکونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی، مولانا عبید الرحمن ضیائ،حافظ محمد شعبان صدیقی ، حافظ شعیب الرحمن قاسمی،،صدر پنجاب حافظ محمد امجد، مولانا عبد المنان عثمانی،مولانا تاج محمود ریحان، حافظ سعید احمد میﺅ، مولانا رسال الدین آزاد، مولانا عبد اللہ قاسمی ودیگر نے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے استحکام اور دہشت گردی، انتہاپسندی ، انتشار وبدامنی جیسے گھمبیر مسائل کے حل کیلئے خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔آپ ؓ کے فضائل ومناقب اور عظیم کارناموں سے تاریخ اسلام کے اوراق بھرے پڑے ہیںجس سے قیامت تک آنے والے مسلمان ہدایت ورہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔

ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر میں ”سیدنا علی المرتضیٰ ؓ سیمینار“ سے مرکزی علماءکونسل کے وائس چیئرمینپیر جی خالد محمود قاسمی ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا شبیر احمد عثمانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی، علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، میاں محمد طیب ایڈووکیٹ،حافظ مقبول احمد ، مولانا عمر قاسمی،قاری عصمت اللہ معاویہ، مولانا اعظم فاروق،مولانا عابد فاروقی،مولانا نعیم طلحہ،مولانا ثاقب عزیز ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ ؓ نے غزوہ بدر،احد،خندق،حنین اور خیبر میں اپنی جرا¿ت وبہادری کا لوہا منوایا ۔ آپؓ ہجرت کی شب حضور اکرم کے بستر مبارک پر آرام فرما ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ آپ عشرہ مبشرہ جیسے خوش نصیب صحابہ کرام ؓ میں بھی شامل ہیں جن کو حضور اکرم نے دنیا میں ہی جنت کی بشارت دی۔دریں اثناءمرکزی علماءکونسل کی اپیل پر گوجرانوالہ،گجرات،شیخوپورہ،قصور،سرگودھا،خوشاب، ملتان، خانیوال،ساہیوال، پاکپتن،اوکاڑہ ،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ چہارم سیدنا علی المرتضیٰ ؓ بہت زیادہ روزہ دار،عبادت گزار اور سخاوت کرنے والے تھے۔