متزلزل ارادے

یوم تکبیر قوم کے لیے اتحاد و یکجہتی کی درخشندہ مثال ہے‘ امیر العظیم

لاہور (این این آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ یوم تکبیر دشمن کے مقابلے میں قوم کے غیر متزلزل ارادے اور اتحاد و یکجہتی کی درخشندہ مثال ہے۔

28مئی 1998ءکے ایٹمی دھماکوں نے ملک و قوم کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔ ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں جس جرات و بہادری کا مظاہرہ سیاسی جماعتوں اور عسکری اداروں نے مل کر کیا ، اس نے بھارت کے تمام ناپاک عزائم کو خا ک میں ملا کر رکھ دیا تھا۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو کراراجواب نہ دیا جاتا اور بیرونی دباﺅ کو قومی ترجیحات پر فوقیت دے دی جاتی تو آج پاکستان بھارت کی ذیلی ریاست بن چکا ہوتا۔

الحمد للہ قومی یکسوئی نے جس طرح 1998پاکستانی قوم کو عظیم قوم بنادیا تھا، آئندہ جب بھی ضرورت ہوئی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیںگے۔انھوں نے کہاکہ پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ بھارت کو اس کی زبان میں ہی جواب دیا جانا چاہیے۔ امریکہ ، اسرائیل اور بھارت سمیت دشمن قوتوں کو پاکستان کی ایٹمی صلاحیت برداشت نہیں ہورہی ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف گٹھ جوڑ کرکے حالات کو خراب کررہی ہیں۔ ضرورت ا س امر کی ہے کہ حکومت وقت دشمن کی کارستانیوں کو سمجھے اور جنرل (ر)پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیوں سے نجات حاصل کرکے داخلہ وخارجہ پالیسی کو از سر نو تشکیل دے۔

امیر العظیم نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک دہشت گرد ریاست ہے، جس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ کھیلوں کے میدانوں سے لے کر سفارتی محاذوں تک بھارت نے اپنے گھناﺅنے اور پاکستان کے خلاف دشمنی پر مبنی کردار کو ادا کیا ہے۔ نریندر مودی نے پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکا کراور بھارتی عوام کو گمراہ کرکے کامیابی حاصل کی ہے ، ان سے خیر کی توقع رکھنا محض خام خیالی ہے۔