واپس روانہ

چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کےساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا،نائب صدر دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ

لاہور( این این آئی )چین کے نائب صدر وانگ چی شن تین روز روزہ دورہ پاکستان کے بعد واپس چین روانہ ہو گئے ۔ ائیر پورٹ پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ معزز مہمان کو رخصت کیا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پر چین کے نائب صدر وانگ چی شن کو ان کے دورہ لاہور کی تصاویر کی البم بھی پیش کی۔

چینی نائب صدر نے تصویری البم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور البم میں موجود تمام تصاویر دیکھیں۔چینی نائب صدر کی البم میں بادشاہی مسجد کے دورے کی تصاویر دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ البم میرے لئے یادگار ہے ،آپ کی ٹیم نے انتہائی محنت سے کام کیا ہے،لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں آپ کی میزبانی کرکے دلی خوشی ہوئی ہے،چین کے نائب صدر کا دورہ پاکستان پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔ پاکستان اور چین کی دوستی کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہوسکتا،پاکستان اور چین ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں،دونوں بھائیوں کے درمیان پیار، محبت اور تعاون کے نئے باب رقم ہو رہے ہیں۔چینی نائب صدر وانگ چی شن نے کہا کہ لاہور میں ملنے والی محبت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا شکرگزار ہوں۔چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ پہلے بھی کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا،باہمی تعاون کی نئی جہتوں پر کام کرکے دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ قبل ازیں چینی نائب صدر نے تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدلخبیر آزاد ، سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھن کے ہمراہ چینی نائب صدر کا استقبال کیا۔ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ چوہدری عبدالغفور نے چینی نائب صدر کو بادشاہی مسجد کی تاریخ، اس کے فن تعمیر کی بابت بریفنگ دی جبکہ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ بادشاہی مسجد کی اہمیت، یہاں سے بین المذاہب ہم آہنگی کی بابت جاری کام بارے چینی نائب صدرکو آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے چینی نائب صدر کو محکمہ اوقاف کی جانب سے بادشاہی مسجد کی دیکھ بھال یہاں سے مذہبی و سماجی فلاح کے لئے جاری تعلیمات کی بابت آگاہی دی،چینی نائب صدر نے بادشاہی مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور فن تعمیر کو خوب سراہا۔اس موقع پرصوبائی وزیراوقاف نے کہا پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے، سازشی عناصر کبھی تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتے۔چینی نائب صدر کی آمد پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔