اسلام آباد (آئی این پی ) پولیس کی جانب سے نیب پیشی پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کےساتھ جانے والے کارکنوں کوڈی چوک پرروکنے پر پولیس اور کارکنوں میں تصادم ہو گیا.
پولیس کی جانب سے جیالوں پر واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا پولیس نے کار سرکار مداخلت میں پیپلزپارٹی کے متعدد جیالے گرفتار کرلئے ۔بدھ کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 100 گاڑیوں کے قافلے کے ہمراہ نیب اولڈ ہیڈ کوارٹر پہنچے جب بلاول بھٹو کا قافلہ ڈی چوک پہنچا تو پولیس نے بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی کو آگے جانے دیا اورکارکنوں کی گاڑیوں کو روک لیا.
جس پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی ،کارکنوں نے نیب ہیڈکوارٹر کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جبکہ متعدد کارکن پولیس کا حصار توڑ کر آگے بڑھ گئے جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد جیالو ں کو حراست میں لے لیا۔