بجٹ

نئے بجٹ کو عوا م کی امنگوں اوربنیادی ضروریات کے مطابق بنایا جائے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت

لاہور( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں زرعی شعبہ ہماری ترجیحات میں ہے،زراعت کے شعبہ کے پائیدار ترقی کیلئے ریکارڈفنڈز مختص کیے جائیں گے،غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے زیادہ وسائل مہیا کریں گے،پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا،قومی تعمیر نو کے منصوبوں اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وسائل میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا ۔اجلاس میں نئے مالی سال 2019-20 کے بجٹ کی تجاویز اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے خدوخال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں نئے مالی سال 2019-20 کے بجٹ کی تجاویز،سالانہ ترقیاتی پروگرام اوروسائل میں اضافے کے بارے میں سفارشات پر بریفنگ بھی دی گئی ۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر اقتصادی امور و منصوبہ بندی ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری خزانہ اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں صوبے کے عوام کو بنیادی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے وسائل میں اضافے کیلئے تجاویزپر بھی غور کیاگیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے نئے بجٹ کو عوا م کی امنگوں اوربنیادی ضروریات کے مطابق بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے زیادہ وسائل مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

سردارعثمان بزدار نے کہا کہ سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے، قومی وسائل تعلیم،صحت اورعوام کے فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے،ماضی کی حکومتوں نے زرعی شعبے کو نظر انداز کیا،سابق ادوار میں کاشتکار استحصالی نظام کا شکاررہا،ہماری حکومت نے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم اورگنے کے کاشتکار کو اس کی محنت کاپورا معاوضہ ملا ہے،آئندہ بجٹ میں زرعی شعبہ ہماری ترجیحات میں ہے،زراعت کے شعبہ کے پائیدار ترقی کیلئے ریکارڈفنڈز مختص کیے جائیں گے،غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے زیادہ وسائل مہیا کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا،قومی تعمیر نو کے منصوبوں اور سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے وسائل میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے،صوبے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔