نالائق اعظم

نالائق اعظم کی حکومت سیاسی کارکنوں سے بوکھلاچکی ہے ،مینڈیٹ چوروں کو اصلی کارکن دیکھ کر خوف آتا ہے‘(ن) لیگ

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر شیلنگ اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت پرامن سیاسی کارکنوں کےخلاف حکومتی مشنری کا استعمال کررہی ہے،ایسے ہتھکنڈوں سے سیاسی ورکرز اپنی لیڈر شپ کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے،نالائق اعظم کی حکومت سیاسی کارکنوں سے بوکھلاچکی ہے اورمینڈیٹ چوروں کو اصلی کارکن دیکھ کر خوف آتا ہے ۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ نہتے کارکنوں پر لاٹھی چارج عمران خان کی آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے،عمران نیازی کھلنڈرا ہے اور ناکام ہوچکا ہے جس کا بدلہ اپوزیش سے لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے قائدین سے یکجہتی کے اظہار کے لئے آئے تھے، نہتے کارکنوں پر تشدد اور انہیں روکنا کون سی جمہوریت ہے ؟۔جمہوریت کے لیکچر دینے والے سیاسی کارکنوں اور اختلاف رائے برداشت نہیں کرسکتے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بے گناہ سیاسی کارکنوں کو رہا کیاجائے ۔ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر شیلنگ ،لاٹھی چارج اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔

ڈی چوک میں پولیس کی جانب سے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا آمریت کی نشانی ہے ،خواتین پر شیلنگ اور گرفتاری فسطائیت کی آخری حدوں کو چھو رہی ہے،کٹھ پتلی حکومت پرامن سیاسی کارکنوں کےخلاف حکومتی مشنری کا استعمال کررہی ہے،ایسے ہتھکنڈوں سے سیاسی ورکرز اپنی لیڈر شپ کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ روزے کی حالت میں پر امن کارکنوں پر شیلنگ شرمناک ہے،عمران نیازی یاد کریں انہوں نے اسی ڈی چوک میں 126دن دھرنہ دیا۔عمران نیازی کی قیادت میں شرپسندوں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملے کیے۔پارلیمانی اور جمہوری نظام میں ایسے واقعات جمہوری کو کمزور کرنے کی سازش ہیں،جعلی حکومت اپنے جانے کی خود منصوبہ بندی کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے تو اپنے کارکن چھڑانے کےلئے پولیس اسٹیشن پر حملے کیے تھے ،آج چند سیاسی ورکروں کے احتجاج سے خوفزدہ ہے۔