لاہور( این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس سے مریم نواز کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے،تحریک انصاف کا میڈیا سیل ایجنڈے کے تحت مریم نواز کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی کررہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مائیں،بہنیں اور بیٹیاں سب کی برابر ہوتی ہیں،جس دن سے مریم نواز پارٹی کی نائب صدر بننی ہیں اس دن سے عمران نیازی کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔مسلم لیگ (ن)نے کبھی جمائمہ خان،ریحام خان اور بشری بی بی کے متعلق ایسی گفتگو نہیں کی۔مریم نواز کو حکومت کی نالائقیوں سے پردہ اٹھانے اور قوم کو حقائق بتانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے،سیاسی مخالفت گھروں سے باہر اچھی لگتی اگر مخالفت گھر میں داخل ہوتو دشمنی بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر کی رات مریم نواز کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی،مقدس رات میں کرادر کشی سے پی ٹی آئی نے مذہب سے لا تعلق اور غیر اخلاقی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان اور فردوس باجی کو مریم نواز کی کردار کشی کا نوٹس لینا چاہیے۔ایف آئی اے کو بھی نوٹس لینا چاہیے کہ یہ بیہودمہم کہاں سے چلائی جا رہی ہے۔حکومتی ایماء پرلیڈر شپ کی ذاتیات پر حملے مزید برداشت نہیں کرینگے۔