لاہور(صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاں میں دو ماہ کی معافی کااعلان کیا ہے، جس کے بعد اکاون قیدیوں کو رہائی مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی جانب سے عیدالفطر کی آمد پر قیدیوں کی سزاں میں دو ماہ کی معافی کے اعلان کے بعد صوبے بھر کے چار ہزار پانچ سو سولہ قیدیوں کی رہائی میں کمی کی گئی ہے جبکہ اکاون ایسے قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے.
جن کی سزاکی مدت دو ماہ یااس سے کم رہ گئی تھی۔وزیراعلی پنجاب کے معافی اعلان کے بعد سینٹرل جیل لاہور کے دوسو بانوے ،سینٹرل جیل گوجرانوالہ کے ایک سو ستترقیدیو ں کی سزا میں کمی ہوئی، اسی طرح ڈسٹرکٹ جیل قصور چون ، ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ ایک سو اکیس ،ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ ایک سو انہترقیدیوں ،ڈسٹرکٹ جیل نارووال چالیس اورسینٹرل جیل ساہیوال کے ایک سو بارہ قیدیوں کی سزا میں کمی کی گئی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل عید الفطر کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 820 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ وہ قیدی ہیں جو اپنی سزا کی مدت پوری کر چکے تھے مگر جرمانہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔