کچھ بھی

پاکستان میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور زرداری کی حکومت نہیں بن سکتی،شیخ رشید

لاہور (آن لائن) پاکستان ریلویز کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایم ایل ون اور نالہ لئی کی تعمیر کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور آصف علی زرداری کی حکومت نہیں بن سکتی۔ میڈیا نے میری شخصیت کو بہت مجروح کیا ہے۔

میڈیا کو میری شرافت پسند نہیں حالانکہ میں زیادہ عمر کا ہو چکا ہوں۔ گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کے دنوں میں ایک ارب روپے کی آمدنی حاصل کی ہے مگر میں نہیں چاہتا کہ ریلوے میرے جانے کے بعد بحران کا شکار ہو۔ میڈیا کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت ریلوے کے پاس آپریشنل سسٹم کے لئے پانچ روز کا تیل موجود ہے جبکہ پندرہ روز کا تیل راستے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 28 اگست کو خود کو عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ موجودہ حکومت ریلوے کا تاریخی خسارہ کم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے لاہور کینٹ سٹیشن، کوٹ لکھپت اور رائے ونڈ کے ریلوے سٹیشنوں پر رش کو کم کرے گی جبکہ وزیراعظم عمران خان سرسید ایکسپریس کا کراچی سے افتتاح کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے لوکو موٹوز کی مرمت کر کے تیس مسافر ٹرینیں چلائیں جبکہ مزید 34 ٹرینیں زیرو اخراجات سے شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان ریلوے کو چالیس ارب روپے کے مقابلے میں صرف سولہ ارب روپے فراہم کرے گی۔ ہم بھی شیخ ہیں ہم باقی رقم ریلوے بانڈ جاری کر کے عوام سے حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بجٹ اجلاس کے منتظر ہیں بجٹ کے بعد وہ سندھ کا دورہ کریں گے اور وہاں کی حکومت کو بتائیں گے کہ سندھ حکومت نے صوبے میں ایڈز پھیلائی ہے اور ہم سندھ میں ریلوے کو پھیلا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس ریلوے بہت محنتی ہیں اور ہم نے تین کروڑ روپے مالیت کا سفر کرنے والے بغیر ٹکٹ مسافروں کو پکڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسافر ٹرینیں خسارے میں چل رہی ہیں۔ پاکستان میں مسافر ٹرینوں کا خسارہ کوئی الگ بات نہیں۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اگر چور ڈاکو لٹیرے قانون کی زد میں نہ آئے تو پاکستان کے غریب عوام میں جو لاوا پک رہا ہے اگر وہ پھٹ گیا تو سب کو معلوم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی غریب کی گردن کٹے گی تو شیخ رشید آگے کھڑا ہو گا۔ وفاقی وزیر ریلویز نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں شوگر مافیا 30 ارب روپے کی سبسڈی لے گیا ہے۔ وہ اس مسئلے کو وفاقی کابینہ میں لے کر جائیں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست مختلف ہے۔ شہباز شریف آج بھی وکٹ کے دونوں جانب سیاست کر رہے ہیں۔ اگر نواز شریف میری بات مان جاتے تو آج انہیں یہ دن دیکھنا نہ پڑتے۔ مولانا فضل الرحمن کو اے پی سی بلانے کی بجائے ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری الاٹ شدہ زمینوں پر نظر رکھنی چاہیے۔ پاکستان کے عوام اور پاکستان کی فوج عظیم ہیں۔ چوروں، لٹیروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ کوئی نہیں، مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان رواں سال میں ہی مسائل کا حل نکال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ آج تک ملک کے کسی بھی کالج کی نرسری سے کوئی نوجوان قیادت ابھر کر سامنے نہیں آئی۔ وزیراعظم عمران خان کو مختلف چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کا سامنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے لئے راستہ بناتا رہتا ہے۔ گزشتہ 9 ماہ میں کوئی احتساب نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 14 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ کے بعد وہ اہم پریس کریں گے۔ گزشتہ کچھ عرصے میں بوگیوں کی ری ریل منٹ کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے، وزیراعظم عمران خان خارجی سطح پر ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا جو واویلا کر رہا ہے اس کے لئے شیخ رشید ہی اکیلا کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے ترجمان نہیں بلکہ ریلوے کے وزیر ہیں۔ وہ اسد عمر کو وزیر دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے جب اسد عمر کے گھر مٹھائی بھجوائی تو پتہ چلا کہ ان کا مکان خالی ہو چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن جو گندے کپڑے دھو رہے ہیں میں ان سے کہوں گا کہ برائے مہربانی اپنے گندے کپڑے نہ دھوئیں۔ نریندر مودی مسلمان دشمن ہے۔

اس نے حالیہ الیکشن میں کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا اور نہ ہی مسلمانوں سے ووٹ مانگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑی سکرین پر پاکستان میں کوئی بڑی سیاسی تبدیلی نہیں دیکھ رہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے انہیں کراچی سے ریلوے تجاوزات ختم کرنے کا جو حکم دیا ہے وہ اسے ختم کریں گے،انہوں نے کہا کہ چینی مافیا نے بہت ظلم کیا ہے اربوں روپے کھا لئے گئے اس حوالے سے وزیر اعظم سے ضرور بات کروں گا،اس ملک کے اصل ڈریکولا گیس اور بجلی میں سبسڈی لینے والے ہیں، اس ملک کا سب سے بڑا دشمن شوگر مافیا ہے، چور اور ڈاکو قانون کی زد میں نہ آئے تو غریبوں کا لاوا پھٹ جائے گا۔پوری قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا، دونوں ملکوں کے درمیان اگر کسی نے اس بار جنگ کو ٹالا ہے تو وہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہیں۔