صوفی کلام

سال کی عمر سے ہی صوفی کلام شروع کردیا تھا، صنم ماروی

اسلام آباد (این این آئی) معروف گلوکارہ صنم ماروی نے کہا کہ انہوں نے7سال کی عمر سے ہی صوفی کلام شروع کردیا تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صنم ماروی نے کہا کہ میرا تعلق حیدر آباد سے ہے، لاہور منتقل ہونے سے بہت آسانی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں میری خالہ اور عزیزو اقارب بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صوفیانہ کلام سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، میرے والد بچوں کوصوفیانہ کلام سکھاتے تھے، عابدہ پروین اور میرے ابوکے استاد ایک ہی ہیں بچپن سے ہی انہیں ریاض کرتے ہوئے اور سیکھتے ہوئے دیکھ کر میں نے7سال کی عمر سے ہی صوفی کلام شروع کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صوفیانہ کلام کیلئے ضروری ہے کہ آپ کو کلاسیکی موسیقی میں بھی مہارت ہو، میں نے کلاسیکی موسیقی استادفتح علی خان گوالیار سے سیکھی جبکہ ٹھمری کا سٹائل استاد مجید خان لکھنو والے سے سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک سیکھنے کا سلسلہ جاری ہے، میں اپنی ٹیم کے ساتھ دس سال سے کام کر رہی ہوں میری ٹیم میں بانسری پر بادشاہ،کی بورڈ پر طاہرحسین،ڈھولک پر فقیرحسین اورطبلے پرکاشف ہیں ہم سب لوگ ایک فیملی کی طرح ہیں۔ صنم ماروی نے کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی گلوگار ہیں سب ٹیلنٹڈ ہیںمیں ان سب سے سیکھ رہی ہوں، انہوںنے کہا میں عابدہ پروین سے بہت متاثر ہوں، سٹیج اور سٹوڈیو کی پرفارمنس میںبہت فرق ہوتا ہے۔۔

انہوں نے بتایا کہ چار سال پہلے کراچی ایک کنسرٹ کیا جس میں عابدہ پروین بھی شریک تھیں وہاں ہزاروں کی تعداد میںلوگ تھے جو مجھے سننے آئے تھے ، ان کے ساتھ بیٹھ کر مجھ سے گایا جا رہا تھا نہ ہی بولاجا رہا تھا تب مجھے احساس ہوا کوئی استاد سامنے ہوتوگاناکتنا مشکل ہوتا ہے جب آپ اپنے استاد کا احترام کریں گے تو بھاگ لگ جائیں گے۔