پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: 

وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ 

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت “مسلح جنگجوئوں کو ہلاک” کرنے کے جھوٹے بیانیہ کی آڑ میں اپنی دہشت گردی کو جواز دینے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوا۔ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی مؤقف پر پوری طرح کاربند ہیں ، پوری پاکستانی قوم اس بہادرانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جوکہ وہ اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کیلئے کر رہے ہیں ، ہمیں پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا “یوم یکجہتی کشمیر” کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان

وفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 7 دہائیوں سے ظالمانہ تشدد کا سامنا کررہے ہیں،بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نفاذ سے مسلسل انکاری ہے اور کشمیری عوام کوبنیادی حقوق دینے سے ٹال مٹول کر رہا ہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ نے بھی بھارتی ظالمانہ کارروائیوں کو موثر انداز سے اُجاگر کیا، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کوحمایت کا یقین دِلاتے ہیں

اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قرادادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنائے۔

آصف زرداری

یوم کشمیر کی مناسبت سے سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، اقوام متحدہ کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ اپنے منشور پر عمل کرا کرمقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے۔

شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے یوم یک جہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ اہل کشمیر نے اپنے صبرواستقامت سے آزادی کی جنگ میں قابض بھارتی فوج کو شکست دے دی ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور پوری مہذب دنیا کے لئے امن و انصاف کا کھلا چیلنج ہے۔ بھارت نے اپنی ظالم افواج کے ذریعے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا جس بے دردی سے لہو بہایا ہے اس پر نسل انسانی شرمندہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر کا وکیل تھا، ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک انشاء اللہ رہے گا۔