اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھا کر ملک کو پاﺅں پر کھڑا کرنے ، لوگوں کو غربت سے نکالنے اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے میں مدد دیں.
جب تک ہم ٹیکس نہیں دینگے ہمارا ملک اوپر نہیں جا سکتا، بے نامی اثاثے، بینک اکاﺅنٹس اور باہر پڑا پیسہ ظاہر کرنے کا 30 جون تک وقت ہے، اس کے بعد موقع نہیں ملے گا. پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں اور بینک اکاﺅنٹس کی معلومات کے معاہدے ہو چکے ہیں۔ عظیم قوم بننے کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا۔
پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر قوم کے نام اہم پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا اس کا عوام کو یہ نقصان ہوا ہے کہ ہم سالانہ چار ہزار ارب روپے جو ٹیکس جمع کرتے ہیں اس میں سے آدھا یعنی دو ہزار ارب روپے ان قرضوں کی اقساط ادا کرنے پر خرچ ہو جاتا ہے اور باقی بچ جانے والی رقم سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وہ قوم ہیں جو بد قسمتی سے سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں لیکن خیرات سب سے زیادہ خیرات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر جذبہ آگیا تو ہم سالانہ دس ہزار ارب روپے تک بھی ٹیکس جمع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ٹیکس نہیں دیںگے ہمارا ملک اوپر نہیں اٹھ سکے گا۔ بے نامی اثاثے ، بینک اکاﺅنٹس اور باہر پڑا پیسہ ظاہر کرنے کا 30جون تک وقت ہے.