محکمہ صحت

محکمہ صحت کی وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کی ہدایت

اسلام آباد (اے پی پی)محکمہ صحت نے گرمی کی شدت کے ساتھ ہی مچھروں اور مکھیوں کے بہتات کی وجہ سے گیسٹرو ( اسہال)، ہیضہ ، یرقان جیسی مہلک امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عوام سے احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت کی ہے ۔

محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ مچھروں اور مکھیوں کی تلفی کے لئے مناسب انتظام کے ساتھ ساتھ پینے کے لئے پانی اچھی طر ح ابال کر استعمال کریں، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھو لئے جائیں، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھا جائے ، باسی و گلے سڑے اور کچے پھل و سبزیاں ، کھلے مشروبات ، رنگ دار گولے و قلفی اور دیگر غیر معیاری بازاری اشیاء کھانے سے گریز کیا جائے اور گھر کے اندرونی و بیرونی ماحول کو صاف ستھرا رکھاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسہال کی صورت میں نمکو ل کا کثرت سے استعمال کیا جائے ، دست کی صورت میں نرم غذا کھانے ، پینے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سمیت فوری طور پر کوالیفائیڈ میڈیکل افسر سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔