چیخ و پکار

30 جون سے پہلے اپوزیشن کی چیخ و پکار چور کی داڑھی میں تنکا کے مصداق ہے

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ماضی گواہ ہے کہ پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولنا شریف برادران کا شیوا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے پارلیمنٹ میں بولے گئے جھوٹ پر نواز شریف کوجھوٹا قرار دیا، ان کا عمران خان پر انگلی اٹھانا بے معنی ہے، وزیراعظم کا بیان جعلی اکاؤنٹس والوں، ٹیکس چورں اور بے نامی داروں کے لئے تھا،30 جون سے پہلے اپوزیشن کی چیخ و پکار چور کی داڑھی میں تنکا کے مصداق ہے اور اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم کا مؤقف درست ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ابھی تو 30 جون نہیں آیا اور اپوزیشن کی چیخ و پکار ابھی سے شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قرضے بیرون ملک جائیدادیں بنانے جبکہ عمران خان ان کے لئے گئے قرضوں کی ادائیگی کیلئے قرضے لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوام، صنعتکاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم کے پیغام کا جواب اثاثے ظاہر کرکے دیں اور ٹیکس اصلاحات ایجنڈے کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اپوزیشن کی کرپشن کی بات کریں وہ وزیراعظم کی ذات پر حملہ کر دیتے ہیں، ایک طرف اپوزیشن دعویٰ کرتی ہے کہ ان کے منصوبے چوری کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب انہی منصوبوں پر تنقید کرتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کا شکار ہے، اپوزیشن رہنما اور ترجمان کرپشن کے بادشاہوں کی قصیدہ گوئی کرنے کے بجائے عوام کی چوکیداری کریں، اپوزیشن رہنما جیل کے ڈر سے اجتماعی طور پر امراض کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پر عوام کے اعتماد کی وجہ سے اپوزیشن حسد اور بغض کا شکار ہے، اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہو، معیشت ٹھیک ہو گئی تو اپوزیشن کا سیاسی پتا کٹ جائے گا اور یہ بات انہیں معلوم ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن قائدین اپنے مفرور اور بیرون ملک چھپے ہوئے رہنماؤں، دامادوں اور بچوں کو پاکستان واپس لائیں اور عدالتوں میں پیش کریں۔