لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کیلئے زمینی حقائق اور طویل مدتی اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے بجٹ پیش کررہی ہے ، عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ کرپشن کے ذریعے بیرون ممالک دولت کے انبار لگانے والوں کیلئے ایندھن نہیں بنیں گے ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی کی خواتین رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان تحریک کے منشور کی عکاسی نظر آئے گی ، اس کے ذریعے مشکلات کی دلدل سے باہر نکلنے اور ترقی کا روڈ میپ دیا جائے گا اور اس سے اگلے پانچ سال کے اہداف حاصل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں پسے ہوئے طبقات پر بوجھ نہیں ڈالے گی بلکہ انہیں ریلیف دیا جائے گا۔ جو شعبے اور افراد ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں انہیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے ضرور ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا ۔یہ ملک ٹیکسوں کی آمدنی سے چلتا ہے اور ٹیکس دینے والے قابل احترام ہیں ۔حکومت ٹیکسیشن کے نظام میں اصلاحات لار ہی جس سے نئے لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سوائے اپنی کرپشن کو بچانے کے کوئی ایجنڈا نہیں ،انہیں متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ،اپوزیشن کی قیادت پر اربوں ،کھربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے انہیں احتجاج کی آڑ میں چھپنے دیا جائے گا اور نہ عوام ان کی کرپشن بچانے کے لئے چلائی جانے والی کسی احتجاجی مہم میں ایندھن بننے کیلئے تیار ہیں۔