گواہوں کو

آشیانہ اقبال ریفرنس میں آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا گیا، نیب کو آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنےکی ہدایت

لاہور( این این آئی )لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ ریفرنس میں آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا جبکہ نیب کو رمضان شوگر مل ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال کیسز کی سماعت ہوئی ۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف عدالت کے سامنے پیش ہوگئے جبکہ نیب کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پیش نہ کیا گیا ۔دوران سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کہاںہیں ؟۔ جس پر نیب کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ان کی دو مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی ہے اور عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ لیا گیا ہے وہ نیب کی حراست میں ہیں۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کہا کہ حمزہ شہباز کو عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے، جس پر جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟۔شہباز شریف نے کہا کہ لندن میں اپنا علاج اور ٹیسٹ کرانے کیلئے گیا تھا جبکہ میری پوتی بھی وہاں زیر علاج ہے اس کی عیادت بھی کرنا تھی ،ٹیسٹ اور علاج جاری ہونے کے باعث گزشتہ سماعتوں پر عدالت میں پیش نہیں ہوسکا۔میں نے کسی قسم کی کرپشن یا اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کیا ۔بطور وزیر اعلی اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کئے ہیں اور مختلف منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی ہے ۔نیب نے بخدا فراڈ کیس بنایا ہے، آشیانہ کیس جھوٹ پر مبنی ہے، نیب قوم اور عدالت کا وقت ضائع کر رہی ہے، تمام کیس جھوٹ پر مبنی ہیں۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کہا کہ تسلی رکھیں ، عدالت فیصلہ انصاف اور قانون کے مطابق میرٹ پر کرے گی ۔ عدالت نے نیب حکام کو آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ عدالت نے شہباز شریف کو بھی حاضری لگا کر واپس جانے کی اجازت دے دی ۔عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 26جون اور آشیانہ کیس کی مزید سماعت 29جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو بھی طلب کرلیا۔شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔