لاہور(صباح نیوز) شہباز شریف فیملی کے وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی نے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری نے مشتاق چینی کا بیان ریکارڈ کیا۔مشتاق چینی نے نیب کو 2 نجی بنکوں کے ذریعے 37 ٹرانزیکشن سے متعلق نیب کو ریکارڈ فراہم کر دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا 2 بینک اکاؤنٹ کے ذریعے 50 کروڑ 44 لاکھ 4 ہزار 899 روپے کی غیر ملکی ترسیلات موصول ہوئیں، سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 60 کروڑ 30 لاکھ 54 ہزار بذریعہ چیکس منتقل کیے۔مشتاق چینی نے نیب کو 6 کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار 612 روپے کی غیر ملکی ترسیلات کے بارے میں بھی بتایا۔
نیب کے مطابق دوران تفتیش مشتاق چینی کے مختلف بنکوں میں 23 اکاؤنٹ سامنے آئے، 23 بینک اکاؤنٹس میں سیکڑوں مشکوک ٹرانزیکشن ہوچکی ہیں جو اربوں روپے کی ہیں، مشتاق چینی نے اپنے اور کمپنی کے نام پر یہ کاؤنٹس بنا رکھے تھے، مشتاق چینی نا صرف سہولت کار بلکہ شریف فیملی کا بے نامی دار بھی ہے۔نیب کے مطابق مشتاق چینی نے 9 غیر ملکی کرنسی کی مشکوک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیا ، 9 ٹرانزیکشن کے ذریعے 6 کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار 612 روپے منتقل ہوئے، مشتاق چینی کو 12 جنوری 2009 تک تواتر سے غیر ملکی ترسیلات موصول ہوتی رہیں۔ نیب لاہور مشتاق چینی کا دفعہ 164 ریکارڈ کروانے کے بعد واپس چلے گئی۔یاد رہے مشتاق چینی کا دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کیا گیا، چیئرمین نیب نے مشتاق چینی کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کی تھی۔ مشتاق چینی کو چیئرمین نیب جسٹس(ر ) جاوید اقبال کے روبرو پیش کیا گیا تھا۔